سانحہ سوات صوبائی حکومت کی بدترین نااہلی کا نتیجہ ہے، الخدمت فائونڈیشن ایمرجنسی رسپانس سنٹر قائم کرے گی، سید بختیار معانی

منگل 1 جولائی 2025 23:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے نائب امیر اور سابق ایم این اے سید بختیار معانی نے سانحہ دریائے سوات کو صوبائی حکومت کی بدترین نااہلی اور مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس وسائل موجود تھے، لیکن بروقت استعمال نہ کیے گئے، جس کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے نائب امیر محمد امین، الخدمت فائونڈیشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد فاروق، ضلعی امیر حمید الحق، ڈاکٹر فضل سبحان، اختر علی خانجی، ضیا اللہ اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحے میں غفلت کے مرتکب افراد کو نشان عبرت بنایا جائے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل غیر قانونی این او سیز جاری کرنے والے افسران کا سخت احتساب کیا جائے۔

(جاری ہے)

سید بختیار معانی نے کہا کہ حادثے سے چند روز قبل شندور میلے میں ہیلی کاپٹر تین دن استعمال ہوتا رہا، لیکن 18 جانیں بچانے کے لیے چالیس منٹ کے فاصلے پر موجود ہیلی کاپٹر حرکت میں نہیں آیا۔ دو گھنٹے تک مہمان سیاح مدد کے لیے پکارنے رہے، لیکن حکمران اور ادارے خواب غفلت میں سوئے رہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اب اپنی کوتاہی چھپانے کیلئے ہوٹل مالکان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، حالانکہ انہی تعمیرات کو ماضی میں این او سی جاری کیے گئے اور دریا سے ریت اور بجری نکالنے کے ٹھیکے بھی انتظامیہ نے دیئے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان تمام افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔انہوں نے اعلان کیا کہ الخدمت فانڈیشن فضاگٹ میں ایمرجنسی رسپانس سنٹر قائم کر رہی ہے جس میں ڈرون کیمرے، لائف جیکٹس، کشتیاں، الیکٹرک بوٹس اور ماہر غوطہ خور موجود ہوں گے تاکہ آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔