لاہور ہائیکورٹ نے منشیات ملزمان کےسابقہ ریکارڈ کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دیگر افسران کو طلب کرلیا

منگل 1 جولائی 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے ملزمان کا سابقہ ریکارڈ کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن ذیشان رضا ، ڈی پی او جھنگ اور ڈی پی او چنیوٹ کو کل بدھ کو طلب کرلیا ۔لاہور جسٹس سید شہباز علی رضوی نے منشیات کے ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔ ،منشیات کیس کے ملزمان عثمان اشرف ،،مشرف خان سمیت دیگر نے ضمانت کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت تفتیشی افسران عدالت میں حاضر ہوئے لیکن ملزمان کے مقدمات کا سابقہ ریکارڈ پیش کرنے کے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آئی جی پولیس نے یقین دہانی کروائی تھی کہ مقدمات کا سابقہ ریکارڈ پیش ہوگا ، آئی جی کی یقین دہانی کے باوجود پولیس ملزمان کا سابقہ ریکارڈ پیش نہیں کررہی ، عدالت کے بار بار حکم کے باوجود بھی پولیس ملزمان کے سابقہ ریکارڈ کی تفصیلات فراہم میں ناکام ہے، جسٹس سید شہباز علی رضوی نے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن ،ڈی پی او جھنگ اور ڈی پی او چنیوٹ کو آج دو جولائی کو حاضر ہوکر وضاحت پیش کرنے کا حکم دیدیا۔