جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا نام تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ‘مریم اورنگزیب کی وضاحت

امراض قلب اور دیگر بیماریوں کے عالمی معیار کے جدید علاج کیلئے 14نئے ہسپتال نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں قائم ہوں گے

منگل 1 جولائی 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے واضح کردیا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا نام تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اور اس حوالے سے زیرگردش خبروں کو مسترد کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ "جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہورکا نام جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور ہی ہے اور کسی قسم کی تبدیلی زیر غور نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے مالی سال 26-2025کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فنڈنگ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے نام سے ہی رکھی گئی ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ امراض قلب اور دیگر بیماریوں کے عالمی معیار کے جدید علاج کے لیے 14نئے یسپتال نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں قائم ہوں گے جس کی ماسٹر پلاننگ تکمیل کے قریب ہے۔مریم اورنگزیب نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے نام کی تبدیلی سے متعلق زیرگردش خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حقائق کی تصدیق کے بعد خبر دینے کی درخواست ہے۔