فیکٹری مالک کی قاتل مجرمہ کی پھانسی کے خلاف اپیل خارج

ہائیکورٹ نے مجرمہ عائشہ بی بی عرف صوفیہ کی پھانسی کی سزا عمر قید میں تبدیل کردی

منگل 1 جولائی 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ ے تھانہ نشتر کالونی میں فیکٹری مالک کو قتل کرنے کے مقدمہ میں پھانسی کی سزا پانے والی مجرمہ کی اپیل خارج کر دی ، دو رکنی بنچ نے مجرمہ عائشہ بی بی عرف صوفیہ کی پھانسی کی سزا عمر قید میں تبدیل کردی۔ جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل سپیشل بنچ نے مجرم کی اپیل پرسماعت کی،مجرمہ نے نشتر کالونی کے علاقہ میں گارمنٹس فیکٹری میں نوکری نہ دینے اور فون نہ سننے پر محمد عمر کو قتل کیا تھا۔

ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نزہت بشیر نے مجرمہ عائشہ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ نشتر کالونی نے 2019ء میں محمد عمرکے قتل کا مقدمہ درج کیا ، مجرمہ نے نوکری نہ ملنے اور موبائل فون نہ سننے کی رنجشیں پر فیکٹری مالک کو قتل کیا ،مجرمہ نے گردن پر چھریوں کے وار کرکے محمد عمر کو قتل کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نزہت بشیر نے مزید کہا کہ مجرمہ سے آلہ قتل چھری برآمد ہوئی ، پولیس تفتیش ، میڈیکل رپورٹ اور گواہوں کے بیانات کے مطابق مجرمہ قصور وار ہے،ٹرائل کورٹ نے پولیس تفتیش ،فریقین کے وکلا کے دلائل کے بعد مجرمہ کو میرٹ پر پھانسی کا حکم سنایا ، پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ مجرمہ کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کی جائے ، وکیل صفائی نے مجرمہ کی بریت کے لئے دلائل دئیے لیکن عدالت کو مطمئن نہ کرسکے،دو رکنی بینچ نے وجہ عناد ثابت نہ ہونے پر سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا ۔