یونیورسٹی آف تربت: زوالوجی میں بی ایس اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے لیے بورڈ آف اسٹڈیز کا تیسرا اجلاس

منگل 1 جولائی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف تربت میں زوالوجی میں بی ایس اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام سے متعلق بورڈ آف اسٹڈیز کا تیسرا اجلاس منعقدہوا جس کی صدارت مشترکہ طور پرفیکلٹی آف سائنس، انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر نعیم اللہ اور شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے چیئرمین ڈاکٹر جہانگیر خان اچکزئی نے کی۔

اجلاس میں بلوچستان یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شہاب الدین کاکڑ اور ڈاکٹر سعید احمد ایسوٹ نے بطور ماہرین مضمون شرکت کی۔ ان کے علاوہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کی اسسٹنٹ پروفیسر اور شعبہ زولوجی کی سربراہ گل افروز، لیکچرر عزیزہ امان اور مہتاب ابراہیم نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد زوالوجی میں بی ایس اور اے ڈی پروگرامز کے نصاب کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نظرثانی شدہ انڈرگریجویٹ پالیسی 2023 کے مطابق ہم آہنگ کرانا تھا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران مختلف ایجنڈا نکات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اورمتعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں ماہرین کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور سفارشات کو شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کیا۔اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر جہانگیر خان نے تمام ارکان کی بھرپور شرکت اور قیمتی تجاویز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت یونیورسٹی کے تدریسی و تحقیقی معیار کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔