ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا ساتویں محرم کی شب نکالے جانے والے قدیمی جلوسوں کے روٹس کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

منگل 1 جولائی 2025 23:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے ساتویں محرم کی شب نکالے جانے والے قدیمی جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرکزی امام بارگاہ اڈہ پسروریاں، بڈھن شاہ کے گھر سے جلوس کے راستے، دربار امام علی الحق شہیدؒ اور بہلول دانا کے مزار سمیت علامہ اقبال روڈ، بازار کلاں اور بڈھی بازار کا بھی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے جلوسوں کے آغاز اور اختتامی مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی ستھرائی، پیچ ورک، لٹکتی تاروں کی مرمت، سینی ٹیشن اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا بغور معائنہ کیا اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور پیشگی انتظامات کے حوالے سے ان کی آرا حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی، روشنی، طبی سہولیات اور دیگر ضروری اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا کر عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔