وائس چانسلر گورنمٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں اہم سیمینار منعقد ، اعلی تعلیمی شخصیات کی شرکت

بدھ 2 جولائی 2025 14:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) وائس چانسلر گورنمٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیرنے ہائر ایجوکشن ایڈووکیسی اینڈ ڈویلپمنٹ (ایچ سی اے ڈی )کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے اہم سیمینار "اعلیٰ تعلیم کا معیشت میں کردار" میں بطور مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ یہ علمی و فکری نشست محترم پروفیسر نعیم مسعود کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی نامور جامعات کے وائس چانسلرز، ماہرین تعلیم، پالیسی ساز اور اہلِ دانش نے شرکت کی۔

اس شاندار تقریب میں ڈاکٹر مجیب الرحمٰن شامی، وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر عمر چوہدری ،وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی ڈاکٹر عامر اعظم ، وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ ڈاکٹر شازیہ بشیر، ڈی جی نیشنل لائبریری ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈاکٹر نظام الدین اور دیگر ممتاز علمی و تحقیقی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بطور مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اپنی گفتگو میں نہایت بصیرت افروز انداز میں اس امر پر زور دیا کہ جامعات کو جدید علوم، تحقیق اور عالمی سطح کی تعلیم سے ہم آہنگ ہو کر معیشت میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کی گفتگو کو شرکاء نے فکر انگیز اور متاثر کن قرار دیا۔ سیمینار میں تحقیق، انٹرپرینیور شپ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، اور اعلیٰ تعلیم کے قومی معیشت سے تعلق جیسے اہم نکات پر گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات محض ڈگری دینے والے ادارے نہیں بلکہ معاشی ترقی کے محرک مراکز بننے چاہئیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کہا کہ جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ ملک میں علم و تحقیق کے فروغ اور قومی ترقی کے لیے ہر سطح پر مؤثر کردار ادا کرے گی۔پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں جبکہ تمام مہمانوں نے پروفیسر نعیم مسعود کی زیر قیادت سیمینار کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کی ۔