وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ کا ریاض میں جی او ٹیلی کمیونیکیشنز گروپ کا دورہ کیا ، انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت اور ٹیلنٹ ہب کے شعبوں میں تعاون بارے تبادلۂ خیال کیا

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 14:29

وفاقی وزیر    شزا فاطمہ خواجہ کا  ریاض میں جی او ٹیلی کمیونیکیشنز گروپ ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے ریاض میں جی او ٹیلی کمیونیکیشنز گروپ کا دورہ کیا جہاں انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت اور ٹیلنٹ ہب کے شعبوں میں تعاون بارے تبادلۂ خیال کیا۔وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکشن سے جاری بیان کے مطابق جی او ٹیلی کمیونیکیشنز گروپ نے پاکستان کی وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ کا اپنے مرکزی دفتر ریاض میں خیر مقدم کیا۔

ملاقات کے دوران فریقین نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت متعدد سٹریٹجک شعبوں میں تعاون کے مواقع پر گفتگو کی۔اس موقع پر جی او ٹیلی کمیونیکیشنز گروپ’’گو اے آئی ہب پاکستان‘‘ کے قیام کا اعلان کیا جو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز اور جدید ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کے لیے ایک خصوصی مرکز ہوگا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کا مقصد علم و مہارت کی منتقلی، استعداد میں اضافہ اور سعودی عرب و پاکستان کے درمیان مشترکہ ڈیجیٹل سلوشنز کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

اس مرکز کا اکتوبر 2025 میں باضابطہ افتتاح کیا جائے گا جس میں دونوں ممالک کے سرکاری و نجی شعبوں کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ملاقات میں مستقبل کے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی جن میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع، ڈیٹا سینٹرز کے قیام اور ٹیکنیکل ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ سینٹر کی بنیاد بھی شامل ہے جو خطے میں ڈیجیٹل رابطے اور اختراع کے فروغ کے مشترکہ وژن کی عکاسی ہے۔

وفاقی وزیر نے جی او ٹیلی کمیونیکیشنز گروپ کی تکنیکی مہارت اور مستقبل بین وژن کو سراہا ،انہوں نے مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سینٹرز، سائبر سکیورٹی اور ابھرتی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے’’ڈیجیٹل نیشن وژن پاکستان‘‘ کو بھی اُجاگر کیا۔شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کی بنیاد باہمی ترقی اور ڈیجیٹل پیشرفت پر ہے،گو اے آئی ہب پاکستان جیسے اقدامات کے ذریعے ہم جدید ٹیکنالوجیز میں تعاون کو مضبوط ، نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے بااختیار اور ایک منسلک و علم پر مبنی مستقبل کے اپنے مشترکہ وژن کو تیز تر کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر جی او ٹیلی کمیونیکیشنز گروپ یحییٰ بن صالح المنصور نے کہا کہ ہمیں شزا فاطمہ خواجہ کی میزبانی پر فخر ہے، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات پر اتفاق رائے ہوا۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں گروپ کی توسیع ہماری اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جو متنوع مواقع پیدا کرنے اور برادر و دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے پر مبنی ہے۔\932