نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی پوری انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے،شازیہ کیانی ایڈووکیٹ

بدھ 2 جولائی 2025 16:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)نامور قانون دان شازیہ کیانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں قربانی،صبر،ایثار اور حق و صداقت کی لازوال مثالوں کی یاد دلاتا ہے،نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی پوری انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے،عشرہ محرم کے دوران باہمی اتحاد،مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ خانوادہ رسول ﷺنے دلیری اور عظمت کے ساتھ اپنا مقصد حاصل کیا۔

حضرت امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے عظیم ترین قربانی دی حضرت امام حسین ؓ کی شہادت تمام مسلمانوں کو پیغام دیتی ہے کہ ہر حال میں حق و صداقت کا پرچم سربلند رکھیں اور ظلم ڈھانے والوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

امام اعلی مقام کی شہادت باطل کی شکست اور موت ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ نواسہ رسولﷺ کی قربانی نے نہ صرف بقائے دین کا فریضہ انجام دیا بلکہ تاریخ کے دھارے کو تبدیل کرکے رکھ دیا اور قیامت تک کے لیے یہ نظیر قائم کی کہ حق کی طاقتیں باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکاتیں۔

ظلم و جبر کے خلاف ہر تحریک کو کربلا ہی سے تقویت ملتی ہے ہم حضرت امام حسینؓ کی قائم کی ہوئی مثال سے نہ صرف سبق حاصل کریں بلکہ اس پیغام کو سمجھ کر اس پر صدق دل سے عمل کرنے کی کوشش بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سب مسلمانوں کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ ایک ملت واحد کی طرح متحد ہو کر اور اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔