خواجہ سلمان رفیق کا محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم کا دورہ

محرم الحرام حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا،متعلقہ حکام کی بریفنگ

بدھ 2 جولائی 2025 16:27

خواجہ سلمان رفیق کا محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم کا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔صوبائی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری فضل الرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ احسان علی جمالی بھی ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کنٹرول روم میں محرم الحرام حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

متعلقہ حکام نے اس موقع پر محرم الحرام اور پاک پتن عرس کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔صوبہ بھر میں حفاظتی انتظامات کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محرم الحرام کو پُر امن بنانے کیلئے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے کوآرڈی نیشن میں ہیں۔ حساس مجالس و جلوسوں کو سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔