باجوڑ میں دھماکہ، اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد شہید 11زخمی

افسوسناک واقعہ باجوڑ کے علاقے تحصیل خار میں صدیق آباد پھاٹک کے قریب ہوا،ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہید ہونیوالوں میں تحصیلدار،صوبیدار اور ایک پولیس اہلکاربھی شامل ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 2 جولائی 2025 14:46

باجوڑ میں دھماکہ، اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد شہید 11زخمی
باجوڑ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02جولائی 2025)خیبرپختونخواہ کے علاقہ باجوڑ میں دھماکہ،اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4افراد جاں بحق 11زخمی ہوگئے،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی،زخمیوں و لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا،بتایا گیا ہے کہ افسوسناک واقعہ باجوڑ کے علاقے تحصیل خار میں صدیق آباد پھاٹک کے قریب ہوا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہیدہونیوالوں میں اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار،صوبیدار اور ایک پولیس اہلکاربھی شامل ہیں۔دھماکے میں سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل خار صادق آباد میں پھاٹک میلہ گراؤنڈ کے قریب دھماکا ہوا  دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

(جاری ہے)

دھماکے میں سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے میڈیکل ٹیموں نے بروقت پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال خار منتقل کیا۔ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق کا کہنا تھا کہ دھماکہ تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک میں ناؤگئی روڈ پر ہوا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ جس گاڑی کو نشانہ بنایاگیا وہ مکمل تباہ ہوگئی اوراس میں سوار اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل، تحصیلدار ناوگئی عبدالوکیل، صوبیدار اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کابھی باجوڑ میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے کہناہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق الخوارج نے اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ موقع سے تمام ضروری ثبوت اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی اوراسسٹنٹ کمشنر نواگئی، تحصیلدار اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر دلی اظہار افسوس اوراہل خانہ سے دلی تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع باجوڑ کے مقام پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار نواگئی سمیت دیگر اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے شہداء کے بلندی درجات کی دعاء اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی اورزخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی دعاء اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔