تفریحی سہولیات کو محفوظ اور پرکشش بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ڈپٹی کمشنرساہیوال

بدھ 2 جولائی 2025 17:32

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل کے ہمراہ فریدیہ پارک کا تفصیلی دورہ کیا اور پارک میں جاری ترقیاتی کاموں، بالخصوص نئی گرین بیلٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے عمل کا بغور جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی سرگرمیوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ایک صاف ستھرا، محفوظ اور خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے پارک میں بنائی جانے والی نئی گرین بیلٹس کا معائنہ کرتے ہوئے پارکس اینڈ ہارٹی کلچراتھارٹی کو ہدایت کی کہ موسمی تقاضوں اور مقامی آب و ہوا کے مطابق ایسے پودے لگائے جائیں جو کم پانی میں زیادہ دیر تک سرسبز رہیں اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنیں۔

(جاری ہے)

سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ افسران نے بتایا کہ پارک کے داخلی و خارجی راستوں سمیت تمام اہم مقامات پر کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ سیکیورٹی کے نظام کو مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کا کہنا تھا کہ شہر کی تمام تفریحی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئےمحفوظ اور پرکشش بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔\378

متعلقہ عنوان :