ایرانی صدر نے عالمی جوہری ادارے سے تعاون معطل کرنے کے قانون کی منظوری دے دی

ایرانی پارلیمان نے یہ قانون ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد منظور کیاتھا،رپورٹ

بدھ 2 جولائی 2025 18:31

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)صدر مسعود پزشکیان نے بدھ کے روز اس قانون کی توثیق کر دی ہے جسے پارلیمان نے گزشتہ ماہ منظور کیا تھا۔ اس قانون کے تحت بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کر دیا جائے گا، اور اس قانون پر عمل درآمد فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔یہ قانون اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد پارلیمان نے ہنگامی بنیادوں پر منظور کیا تھا۔

(جاری ہے)

ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق، صدر نے اقوام متحدہ سے وابستہ ایجنسی کے ساتھ تعاون کے تعطل کے قانون پر دستخط کر دیے، جس سے یہ قانون نافذ العمل ہو گیا۔قانون کے مطابق، چونکہ اسرائیل اور امریکہ نے ایران کی قومی خود مختاری اور ارضی سالمیت کی خلاف ورزی کی ہے، اس لیے حکومت اس وقت تک ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل رکھنے کی پابند ہے جب تک کہ کچھ شرائط پوری نہ ہوں، جن میں جوہری تنصیبات اور ایرانی سائنس دانوں کی سلامتی کی ضمانت شامل ہے۔یہ قانون ویانا معاہدہ 1969 کی دفعہ 60 کی بنیاد پر منظور کیا گیا، جو معاہدے کی شرائط کی سنگین خلاف ورزی کی صورت میں معاہدہ معطل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔