غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر والی 25 کمرشل گاڑیوں کو بھاری جرمانے کیے گئے،ڈپٹی کمشنر ملتان

بدھ 2 جولائی 2025 19:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں میگا کریک ڈاون کا آغاز کردیا ہے۔ کریک ڈاون کے دوران 25 ویگنیں اورگاڑیاں تھانے میں بند کردئیے گئے جبکہ ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران سیکرٹری آر ٹی اے نے ایل پی جی سلنڈر گاڑیوں کے مالکان کے خلاف 8 مقدمات بھی درج کرا دئیے۔ قبل ازیں ٹاسک فورس نے کمرشل گاڑیوں سے ایل پی جی سلنڈر اتار کر موقع پر تلف کردیے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے اس موقع پر کہا کہ ضلع بھر میں مسافروں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کریک ڈائون شروع کیا گیا ہے۔ایل پی جی سلنڈر گاڑیوں کو کسی صورت روڈ پر چلنے نہیں دینگے۔وسیم حامد سندھو نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں اضافہ پرتشویش ہے۔ اس لئے کمرشل گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔