ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کا شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

جمعرات 3 جولائی 2025 11:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے امام بارگار ابوالفضل العباس مغلپورہ ، اقبال ٹاون میں امام بارگاہ قصر عباس اور امام بارگاہ قصر بتول ،اندرون شہر میں امام بارگاہ سید وزیر علی شاہ، کوچہ فقیر خانہ، امام بارگاہ سید جمال الدین، کوچہ رحمت راج، امام بار گاہ سید الف شاہ، شیخوپوریاں بازار،موتی بازار، ڈبی بازار،کشمیری بازار کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔

انہوں نے لاج روڈ پر جلوس کے روٹ کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو احکامات جاری کئے،ڈی آئی جی آپریشنز نے منتظمین جلوس و مجالس سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ افسران کو سی سی ٹی وی کیمرے فنکشنل رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس امن و امان کے قیام کے لئے مکمل الرٹ ہے،شہر کے داخلی و خارجی ناکوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں،فرائض منصبی عبادت کی طرح ادا کریں،گردونواح میں مشکوک حرکات و سکنات پر کڑی نظر رکھیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈولفن، پی آر یو ودیگر پٹرولنگ یونٹس موثر پٹرولنگ جاری رکھیں۔