کراچی: پی ای سی ایچ ایس میں نویں منزل سے گر کر 13 سالہ بچی جاں بحق، واقعہ پراسرار قرار

جمعرات 3 جولائی 2025 14:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)شہر قائد میں فیروزآباد کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں واقع ایک رہائشی عمارت کی نویں منزل سے گر کر 13 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا، جسے پولیس نے ابتدائی طور پر پراسرار قرار دیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ مکہ سینٹر کی نویں منزل پر واقع فلیٹ میں پیش آیا، جہاں سے ایک کمسن بچی نیچے گر گئی۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والی بچی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی۔اسپتال ذرائع کے مطابق متوفیہ بچی کی شناخت عمیرہ دختر جاوید، عمر تقریبا 13 سال کے طور پر ہوئی ہے۔ تاہم بچی کے ورثا نے پولیس کارروائی کرانے سے انکار کرتے ہوئے لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعے کے مختلف پہلوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی نوعیت حادثہ، خودکشی یا کوئی مجرمانہ پہلو تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔