یوم عاشور تک ٹریفک سٹاف کی چھٹیاں بند،یوم عاشورہ تک صرف ایمرجنسی کی صورت میں ہی چھٹی دی جائے گی،سی ٹی اوفیصل آباد

جمعرات 3 جولائی 2025 14:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) چیف ٹریفک آفیسر سٹی ٹریفک پولیس فیصل آبادفرحان اسلم نے بتایا کہ یوم عاشور تک ٹریفک سٹاف کی چھٹیاں بند ہوں گی اوریوم عاشورہ تک صرف ایمرجنسی کی صورت میں ہی چھٹی دی جائے گی تاکہ یوم عاشورہ تک ٹریفک کے بہاؤ میں روانی برقرار رکھنے میں کوئی تعطل نہ آسکے۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی جانب سے عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے ٹریفک پلان پر عمل جاری ہے لہٰذایوم عاشورہ تک ٹریفک ڈیوٹی خصوصی پلان کے تحت انجام دی جائے گی جبکہ تمام مجالس اور جلوسوں کے دوران ٹریفک کو متبادل روٹس سے گزارا جائے گا۔

چیف ٹریفک آفیسرنے بتایاکہ تمام وارڈنز اور سٹاف ممبران کوپلان پر عملدرآمد کی تاکید کی گئی ہے جس میں کسی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں سے ٹریفک کو مخصوص فاصلہ پر رکھا جائے گا اور پارکنگ ایریاز بھی مختص کئے جائیں گے۔انہوں نے تمام ڈی ایس پیز ٹریفک اور سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی کہ وہ فرائض کی ادائیگی میں کسی سستی کا مظاہرہ نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ شہری کسی بھی ٹریفک دشواری یا رہنمائی کیلئے ٹریفک ہیلپ لائن 1915پر کال کر سکتے ہیں جہاں انہیں فوری رسپانس دیا جائے گا۔