’کیک پر لکھ دینا چھیپا صاحب کی طرف سے تحفہ ہے لیکن میرا ہرگز مت بتانا‘

وائرل ویڈیو میں بانی چھیپا ویلفیئر کے اس جملے پر سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 جولائی 2025 12:50

’کیک پر لکھ دینا چھیپا صاحب کی طرف سے تحفہ ہے لیکن میرا ہرگز مت بتانا‘
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2025ء ) چھیپا ویلفیئر کی ایک وائرل ویڈیو میں ٹرسٹ کے بانی رمضان چھیپا کے ایک جملے پر سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے بانی رمضان چھیپا کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رمضان چھیپا ایک دکاندار سے کیک خرید رہے ہیں کہ اس دوران ایک بچہ اپنے والد کے ساتھ سالگرہ کا کیک لینے وہاں پہنچا اور بچے کو ایک مہنگا کیک پسند آ جاتا ہے لیکن والد کے پاس اتنی رقم نہیں ہوتی اس لیے اس نے بیٹے کو سستا کیک خریدنے کا مشورہ دیا لیکن بیٹا نہ مانا اور ناراض ہوکر باہر چلا گیا۔

باپ بیٹے کی گفتگو سن کر رمضان چھیپا نے دکاندار کو اپنے پاس بلا کر اس سے کہا کہ ’براہِ کرم بچے کو جو کیک پسند آیا ہے اس کو وہی پیک کرکے دے دیجیئے، اس کی قیمت کے جو پیسے کم پڑتے ہیں وہ میں ادا کردوں گا، کیک کے اوپر لکھ دیجیے گا کہ یہ چھیپا صاحب کی طرف سے سالگرہ کا تحفہ ہے لیکن انہیں میرے بارے میں ہرگز نہیں بتائیے گا‘۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر صارفین کی طرف سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں جہاں ایک صارف نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’چھیپا صاحب، آپ خود کہہ رہے ہیں کہ کیک پر آپ کا نام لکھا جائے اور ساتھ ہی یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ یہ نہ بتائیں کہ آپ نے بھیجا ہے، واقعی؟‘، بعض صارفین نے اپنے تبصرے میں قرار دیا کہ ’یہ ویڈیو کسی سوشل میڈیا انفلوئنسر کی لگتی ہے‘، اسی طرح ایک اور سوشل میڈیا صارف نے مزاحیہ انداز اختیار کرتے ہوئے لکھا کہ ’چھیپا صاحب، باہر کا ویزہ لگوا دیں اور یقین مانیں میں کسی کو نہیں بتاؤں گی کہ ویزہ آپ نے لگوایا ہے‘۔

chhipa cake