سوڈان خانہ جنگی: متحارب ملیشیاؤں میں تصادم، 83 شہری ہلاک

یو این ہفتہ 23 اگست 2025 19:15

سوڈان خانہ جنگی: متحارب ملیشیاؤں میں تصادم، 83 شہری ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 23 اگست 2025ء) سوڈان کی ریاست شمالی ڈارفر میں حکومت مخالف ملیشیا ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے حالیہ حملوں میں 89 شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے بتایا ہے کہ 'آر ایس ایف' کے زیرمحاصرہ ریاستی دارالحکومت الفاشر اور اس سے متصل ابو شوک پناہ گزین کیمپ پر حالیہ دنوں حملوں میں شدت آئی ہے اور ہلاکتوں کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

یہ حملے 10 سے 20 اگست کے درمیان ہوئے جن میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

Tweet URL

'آر ایس ایف' اور ملک کی مسلح افواج (ایس اے ایف) کے درمیان 15 اپریل 2023 سے شروع ہونے والی لڑائی ملک بھر میں پھیل چکی ہے جس میں ہزاروں لوگ ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں اور ملک کو شدید انسانی بحران کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ماورائے عدالت ہلاکتیں

اطلاعات کے مطابق، الفاشر میں 16 اور 20 اگست کے درمیان 32 شہریوں کی ہلاکت ہوئی جبکہ 11 اگست کو ہونے والے حملوں میں کم از کم 57 افراد مارے گئے تھے۔

ادارے کے ترجمان جیریمی لارنس نے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں 16 افراد کو بظاہر ماورائے عدالت ہلاک کیے جانے کی ہولناک اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ابو شوک پناہ گزین کیمپ میں ہلاک ہونے والے ان لوگوں میں بیشتر کا تعلق افریقی زاگاوا قبیلے سے تھا۔

ایک واقعے میں الفاشر میں ہلاک ہونے والے ایک شخص سے پوچھا گیا کہ اس کا تعلق کون سے قبیلے سے ہے۔ جب اس نے افریقی برتی قبیلے کا نام بتایا تو اسے قتل کر دیا گیا۔

شہر کے محاصرے کو ایک سال سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے جہاں انسانی حالات نازک صورت اختیار کر گئے ہیں اور قحط پھیلنے کا خدشہ ہے۔

'او ایچ سی ایچ آر' نے رواں ماہ اور جون میں شمالی ڈارفر میں اقوام متحدہ کے امدادی قافلوں پر دو حملوں کو ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیوں سے ملک میں شہریوں کے انسانی حقوق کی صورتحال مزید بگڑ جائے گی۔