ڈپٹی اٹارنی جنرل کی اہلیہ کا موٹرسائیکل سوار خاتون پر تشدد، ویڈیو وائرل، وزیراعظم کا نوٹس، سلمان خورشید کو عہدے سے ہٹا دیا

کینٹ پولیس ملتان نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ،عدالت نے ملزمان کی ضمانت منظور کرلی

ہفتہ 23 اگست 2025 22:00

ڈپٹی اٹارنی جنرل کی اہلیہ کا موٹرسائیکل سوار خاتون پر تشدد، ویڈیو وائرل، ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)ڈپٹی اٹارنی جنرل کی اہلیہ نے ملتان میں موٹرسائیکل سوار خاتون اور ان کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی جبکہ وزیراعظم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو عہدے سے برطرف کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل پر ملتان میں خاتون موٹر سائیکل سوار کو مارنے کی ویڈیو وائرل ہوئی،تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون میمونہ اپنی بیٹی کو داماد کی بائیک پر گھر چھوڑنے جارہی تھیں اس دوران بائیک زاہدہ خورشد کی گاڑی سے ٹکرائی جس پر زاہدہ خورشید نے اپنے بیٹے اور بہن کے ہمراہ میمونہ، ان کی بیٹی اور داماد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر ڈپٹی اٹارنی جنرل سلمان خورشید کو عہدے سے ہٹا دیا اور برطرفی کی سفارش صدر پاکستان کو بھیجوا دی ہے۔

(جاری ہے)

ملتان کی کینٹ پولیس نے 17 اگست کو واقعے کا مقدمہ درج کیا، جس میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک خاتون دوسری خاتون اور اس کی بیٹی کو مار رہی ہے۔مقدمے میں کہا گیا کہ تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ 16 اگست کو تقریبا 4 بجے میمونہ ولد محمد عمران سکنہ طارق روڈ نواں شہر ملتان اپنی بیٹی اور داماد کو اسکوٹی (بائیک)پر اپنے گھر چھوڑنے جا رہی تھی۔

مزید بتایا گیا کہ انہوں نے غلطی سے گالف کلب گارڈن ٹان ملتان کے پیچھے زاہدہ خورشید کی گاڑی کو ٹکر مار دی اور حادثے کے بعد زاہدہ خورشید نے اپنی بہن اور اس کے بیٹے کے ساتھ مل کر میمونہ، ان کی بیٹی اور ان کے داماد کو مارنا شروع کردیا۔تشدد کرنے والے تینوں افراد کو مقدمے میں نامزد کردیا گیا جنہیں گرفتار کرکے ڈیوٹی جج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس ملتان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔فاضل جج نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر ملزمان کی ضمانت منظور کر لی۔