میانمار: روہنگیاؤں پر تشدد کرنے والوں کے محاسبے کا مطالبہ

یو این ہفتہ 23 اگست 2025 19:15

میانمار: روہنگیاؤں پر تشدد کرنے والوں کے محاسبے کا مطالبہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 23 اگست 2025ء) اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے میانمار میں روہنگیا لوگوں کی سلامتی، شہریت اور مساوی حقوق یقینی بنانے اور ان پر تشدد کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ادارے نے کہا ہے کہ مسلم عقیدے سے تعلق رکھنے والے ان لوگوں کو آٹھ سال پہلے اپنے خلاف مہلک عسکری کارروائی کے بعد متواتر تکالیف کا سامنا ہے۔

25 اگست 2017 کو ملکی ریاست راخائن میں روہنگیا آبادی کے خلاف فوج کی کارروائی شروع ہونے کے بعد سات لاکھ افراد نے بنگلہ دیش میں پناہ لی جبکہ اس سے پہلے بھی متعدد حملوں کے بعد ہزاروں لوگوں نے ہمسایہ ملک میں نقل مکانی کی تھی۔

حقوق کو تحفظ دینے کا مطالبہ

ادارے نے کہا ہے کہ تشدد کا سلسلہ ختم کرنے کے لیے اس کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی اور روہنگیا برادری کے حقوق کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

روہنگیا آبادی کا بڑا حصہ راخائن ریاست میں رہتا ہے جہاں نومبر 2023 کے بعد انسانی حقوق کی صورتحال تیزی سے بگڑی ہے اور ان لوگوں کو پہلے سے لاحق خطرات میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہو گیا ہے۔

'او ایچ سی ایچ آر' نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ امدادی وسائل میں اضافہ کرتے ہوئے روہنگیا لوگوں کو ضروری مدد پہنچائے، بنیادی ضروریات اور ضروری خدمات تک ان کی رسائی ممکن بنائی جائے اور ان پر تشدد کے ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے۔