Live Updates

کورکمانڈر کے یونیفارم کی توہین کرنے والے اب مظلومیت اور چار دیواری کا کارڈ کھیل رہے ہیں

کورکمانڈرہاؤس میں بھی چادر چاردیواری کی پامالی ہوئی، کیا چادرچاردیواری صرف پی ٹی آئی کارکنوں کیلئے ہے، باقیوں کی کوئی عزت نہیں؟ اشتہاریوں اور مفرووں کو پکڑنا قانون کا فرض ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 اگست 2025 19:01

کورکمانڈر کے یونیفارم کی توہین کرنے والے اب مظلومیت اور چار دیواری ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 23اگست 2025ء ) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کور کمانڈر کے یونیفارم کی توہین کرنے والے اب مظلومیت اور چار دیواری کا کارڈ کھیل رہے ہیں، کورکمانڈرہاؤس میں بھی چادر چاردیواری کی پامالی ہوئی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے جرائم کو مریم نواز کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش ایک مذموم پراپیگنڈا ہے۔

جس کا دل چاہتا ہے منہ اٹھا کر نو مئی کے مجرموں کے گناہ مریم نواز کے سر تھوپنے لگ جاتا ہے۔عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں قانون کی حکمرانی قائم ہے۔ یہ عمران خان کی حکومت نہیں جہاں طے کیا جاتا تھا کہ کس کو اٹھانا ہے اور کس کو چھوڑنا ہے۔ یہ مریم نواز کی حکومت ہے جہاں تمام ادارے آزاد اور خودمختار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد نو مئی کے مقدمات میں نامزد اور قانون کو مطلوب ہیں، ان کا جیل جانا ناگزیر ہے۔

قانون اشتہاریوں اور مفروروں کو پکڑنے کا پابند ہے، یہ کسی کی ذاتی خواہش نہیں بلکہ ریاستی ذمہ داری ہے۔ وزیر اطلاعات نے کورکمانڈر ہاؤس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر کے یونیفارم کی توہین کرنے والے اب مظلومیت اور چار دیواری کا کارڈ کھیل رہے ہیں۔ کورکمانڈر ہاؤس بھی کسی کا گھر ہے، وہاں بھی چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوئی۔

کیا چادر اور چار دیواری صرف تحریک انصاف کے کارکنوں کے لیے ہے، باقیوں کی کوئی عزت نہیں؟عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت انصاف، قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر ہر قدم اٹھا رہی ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ دوسری جانب انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کے نو مئی کے مقدمے میں ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ پراسیکیوشن نے موقف اپنایا ملزم جائے وقوعہ پر موجود تھا، موقع پر اسلحہ کا استعمال بھی کیا ، ویڈیو میں بھی ملزم کی موجودگی پائی گئی۔ پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ ملزم کے سوشل میڈیا اکائونٹس ریکور کرنے ہیں، لاہور؛ ملزم کو تیس روز کے جسمانی ریمانڈ پر حوالے کیا جائے ۔ شیر شاہ کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا کہ ملزم کو ستائیس ماہ بعد گرفتار کیا گیا، گرفتاری غیر قانونی ہے، لاہور؛ ملزم ایک روز قبل اپنے بھائی کے ساتھ اسی عدالت میں پیش ہوا، اگلے روز گرفتار کر لیا گیا،استدعا ہے رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات