سندھ حکومت سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے بعد سولر سسٹم نصب کرے گی

کوشش ہے کہ متاثرین کے گھروں کی تعمیر جلد ازجلد مکمل ہوجائے، عوام کی مشکلات میں کمی کیلئے نئے منصوبے لا رہے ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 اگست 2025 19:34

سندھ حکومت سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے بعد سولر سسٹم نصب کرے ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 23 اگست 2025ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے بعد سولر سسٹم نصب کرے گی۔ عوام کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے نئے منصوبے لا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تعلقہ رتو ڈیرو میں یونین کونسل وارث ڈینو کے گاؤں خیر محمد بروہی میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے بننے والے اور زیرتعمیر گھروں کے دورے کے موقع پر مالکانہ اسناد دینے کی تقریب کے دوران متاثرین سے بات چیت کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ خوشی ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت وہ وعدہ پورا کر رہی ہے۔ سندھ میں کافی لوگوں کو گھر مل گئے ہیں اور کچھ گھر بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ جلد سے جلد گھروں کی تعمیر مکمل ہوجائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت گھروں کی تعمیر کے بعد ان پر سولر سسٹم نصب کرے گی۔ جبکہ عوام کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے نئے منصوبے لا رہے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بروہی کمیونٹی کے گاؤں خیر محمد بروہی میں سندھ پیپلزہاؤسنگ کے تحت بننے والے مکمل اور زیرتعمیر گھروں کا دورہ، خواتین میں مالکانہ حقوق کی اسناد تقسیم کیں۔ مزید برآں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کے ہمراہ تعلقہ رتو ڈیرو کی یونین کونسل وارث ڈینو میں واقع بروہی کمیونٹی کے گاؤں خیر محمد بروہی میں سندھ پیپلزہاؤسنگ کے تحت بننے والے مکمل اور زیرتعمیر گھروں کا دورہ، علاقہ مکینوں سے مسائل دریافت کیئے اور انکے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اسی طرح بلاول بھٹو زرداری کی تعلقہ رتوڈیرو کے گاؤں زنگیجا بھی گئے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کے ہمراہ شہید پولیس سپاہی کی رہائش گاہ پہنچے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی شہید کانسٹیبل منیر احمد سومرو کے صاحبزادے منیب الرحمان اور والد غلام قادر ودیگر ورثاء سے تعزیت کی۔