پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لاہور میں کریک ڈائون ، 1200لیٹر ناقص دودھ، 650 کلوبیمار مرغیاں تلف

جمعرات 3 جولائی 2025 15:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں 6فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور میں علی الصبح کریک ڈائون کرتے ہوئے 1200لیٹر ناقص دودھ، 650 کلوبیمار مرغیاں تلف کر دیں ۔تفصیلات کے مطابق بکر منڈی، ٹولنٹن مارکیٹ، ٹیمپل روڈ، ٹھوکر، نشتر بازار، جی 1،گلبرگ،جوہر ٹائون میں آپریشن کے دوران 3لاکھ 91ہزار لیٹر دودھ، ایک لاکھ 5ہزار کلو مرغیاں، 110ریسٹورنٹس اورناشتہ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی ۔

اس دوران 1200لیٹر ناقص دودھ،650کلوبیمار مرغیاں تلف،ناقص انتظامات پر 3معروف ناشتہ پوائنٹس بند،ایک مقدمہ درج کروا دیا گیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ 42فوڈ پوائنٹس کو 13لاکھ 20ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے، ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن استعمال کرنے پر 3ناشتہ پوائنٹس کو بند کیا گیا۔

(جاری ہے)

صفائی کے ناقص انتظامات پر 42فوڈپوائنٹس کو 13لاکھ 20ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔

بکر منڈی میں گودام سے مضر صحت 100کلوگوشت برآمد کر کے تلف کیا گیا، بدبودار، حشرات زدہ گوشت برآمد ہونے پرمقدمہ درج کروا دیا گیا۔عاصم جاوید نے کہا کہ ناقص اجزاء سے تیار خوراک کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوسکتا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن صحت مند پنجاب صحت مند پاکستان کی تکمیل کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو بین الاقوامی طرز کے مطابق لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ خوراک کے حوالے سے شکایات کی صورت میں 1223پر اطلاع دیں۔