اسلام آباد میں موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھی سواری کیلئے بھی ہیلمٹ لازمی قرار

اطلاق کے بعد خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 جولائی 2025 16:41

اسلام آباد میں موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھی سواری کیلئے بھی ہیلمٹ لازمی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھی سواری کیلئے بھی ہیلمٹ لازمی قرار دے دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کے فیصلے کے تحت موٹر سائیکل چلانے والے اور اس کے پیچھے بیٹھی سواری دونوں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا، اس فیصلے کا باضابطہ اطلاق دو ہفتے بعد سے ہوگا، اس سے پہلے اس حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے گی جس میں شہریوں کو ڈبل ہیلمٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پابندی کے اطلاق کے بعد خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے، اس لیے شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور نئے ضابطے پر عمل درآمد میں تعاون کریں کیوں کہ ہیلمٹ کے استعمال سے حادثات کی صورت میں قیمتی انسانی جانیں بچانے کی شرح میں 50 فیصد اضافہ ممکن ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سندھ حکومت نے بھی حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے کیلئے نئے قوانین نافذ کیے ہیں، اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت نے کراچی میں ٹریفک کورٹس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت کراچی میں ٹریفک کورٹس قائم کی جائیں گی تاکہ شہری چالان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ 5 ہزار روپے جرمانے کو بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک کیا جائے گا، جو خلاف ورزی کی سنگینی پر منحصر ہوگا، ایسی خلاف ورزیوں کی سزا میں دس گنا اضافہ کیا جائے گا جن کے نتیجے میں جانی نقصان کا خدشہ ہو، اگر جرمانہ 21 دن کے اندر ادا نہ کیا گیا تو اس کی رقم دوگنی کر دی جائے گی اور 90 دن گزرنے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا اگر 180 دن کے بعد بھی جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو خلاف ورزی کرنے والے کا قومی شناختی کارڈ (CNIC) بلاک کر دیا جائے گا۔