عارضی بحالی کے بعد پاکستانی فنکاروں کے اکائونٹس بھارت میں ایک بار پھر بلاک

ماورا حسین، احد رضا میر اور صبا قمر کے سوشل میڈیا اکائونٹس بھارت میں ایک بار پھر بلاک کر دیئے گئے

جمعرات 3 جولائی 2025 17:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) عارضی تکنیکی خرابی کے باعث چند گھنٹوں کے لیے بھارتی صارفین کو پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکائونٹس تک رسائی حاصل ہوئی تاہم بھارتی حکام نے وضاحت کی کہ اکائونٹس کی بحالی غیر ارادی تھی اور اب انہیں دوبارہ بلاک کر دیا گیا ہے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فنکاروں ماورا حسین، احد رضا میر اور صبا قمر کے سوشل میڈیا اکائونٹس بھارت میں ایک بار پھر بلاک کر دیئے گئے۔

ان کے انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر)اکائونٹس کھولنے پر بھارتی صارفین کو یہ پیغام موصول ہو رہا ہے کہ یہ اکائونٹ بھارت میں دستیاب نہیں، یہ قانونی درخواست پر عمل درآمد کے نتیجے میں محدود کیا گیا ہے۔حکومتی ذرائع نے میڈیا پورٹل کو بتایا کہ گزشتہ روز پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکائونٹس کی بحالی دانستہ نہیں تھی بلکہ یہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ایک سرکاری اہلکار کے مطابق اگر آپ کو ایکس، یوٹیوب اور میٹا (فیس بک/انسٹاگرام)پر کچھ اکائونٹس نظر آ رہے ہیں، تو وہ چند گھنٹوں میں دوبارہ بند ہو جائیں گے، یہ اکائونٹس ایک تکنیکی مسئلے کی وجہ سے وقتی طور پر فعال ہو گئے تھے، جسے اب درست کر لیا گیا ہے۔گزشتہ روز جب ان فنکاروں کے اکائونٹس بحال ہوئے تھے، تو ایسا محسوس ہوا تھا جیسے بھارت نے پاکستانی فنکاروں اور تفریحی مواد پر عائد ڈیجیٹل پابندیوں میں نرمی کر دی ہے۔یہ بھی قابل ذکر ہے کہ انٹرٹینمنٹ چینلز کی بحالی کے بعد پاکستانی ڈرامے بھارت میں دوبارہ ٹرینڈ کرنے لگے تھے۔