سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام آر ایم آئی ہسپتال میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار

جمعرات 3 جولائی 2025 17:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام آر ایم آئی ہسپتال میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان، دیگر ٹریفک حکام اور ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسرنے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے ذریعے ٹریفک حادثات اور ٹریفک جام جیسے اہم مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے سمیت ٹریفک کی روانی یقینی ہو۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے حادثات کے روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے شہریوں میں مفت ہیلمٹ کی تقسیم سمیت انہیں باقاعدہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی جاتی ہے اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کو باقاعدہ سی پی آر ٹریننگ بھی دی گئی ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو ممکن اور خدا نخواستہ حادثہ کی صورت میں نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی تقریباً تمام یونیورسٹیوں اور کالجز سمیت سکولز میں طلباء و طالبات کو ٹریفک رولز سے متعلق آگاہی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے اس سلسلے میں باقاعدہ مہمات جاری ہیں۔ اسی طرح دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی و سکیورٹی کا خاص خیال رکھتے ہوئے صبر و تحمل سے ٹریفک اصولوں کے مطابق گاڑی چلانی چاہئے انہوں نے کہا کہ شہری ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔