معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکل فنانسنگ سکیم بارے اہم اجلاس ،بیٹری سکیورٹی، انشورنس ریٹس اور ماحولیاتی تحفظ پر اہم فیصلے

جمعرات 3 جولائی 2025 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکل فنانسنگ اسکیم پراہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انشورنس کمپنیوں، الیکٹرک وہیکل مینوفیکچررز اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں الیکٹرک گاڑیوں کی سکیورٹی بالخصوص بیٹری چوری، انشورنس لاگت اور اینٹی تھیفٹ اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

الیکٹرک وہیکل مینوفیکچررز نے آگاہ کیا کہ اب گاڑیوں میں جدید ٹریکنگ سسٹمز، سمارٹ لاکس اور محفوظ بیٹری ٹیکنالوجی متعارف کرا دی گئی ہے جس سے چوری کے خدشات نمایاں طور پر کم ہو گئے ہیں۔مینوفیکچررز کے مطابق پاکستانی موسم کے لحاظ سے لیتھیئم آئن بیٹریاں زیادہ محفوظ تصور کی جاتی ہیں اور یہ نہ صرف ماحولیاتی تحفظ میں مددگار ہیں بلکہ پائیدار ٹرانسپورٹ کے لئے بھی موزوں ہیں۔

(جاری ہے)

ہارون اختر خان نے انشورنس کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ موٹر سائیکل، رکشہ اور کاروں کے لئے الگ الگ انشورنس ریٹ کی کوٹیشن تیار کریں اور منگل تک حکومت کو اپنی تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انشورنس ریٹس عوامی مفاد میں مناسب اور قابلِ برداشت ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پیش کردہ تجاویز میں سے بہترین اور قابلِ عمل ریٹس کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جا سکے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں نہ صرف توانائی کی بچت بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی مددگار ہوں گی اور حکومت اس شعبے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔