شہرمیں07محرم الحرام کی مناسبت سے 424 مجالس اور99 عزاداری جلوس برآمد ہوئے

مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی پر6ہزار800 سے زائد پولیس افسران و اہلکارماموررہے‘ترجمان لاہور پولیس علماء کرام، جلوس منتظمین قومی یکجہتی، امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں‘بلال صدیق کمیانہ

جمعرات 3 جولائی 2025 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) شہرمیں07محرم الحرام کی مناسبت سے 424 مجالس اور99 عزاداری جلوس برآمد ہوئے۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی پر6ہزار800 سے زائد پولیس افسران و اہلکارماموررہے۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے بھر پورسکیورٹی انتظامات ترتیب دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ سمیت تمام حفاظتی اقدامات باقاعدگی سے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ عزاداری جلوسوں کی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی و دیگرسی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران پولیس، انتظامیہ، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات فیلڈ میں موجود ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر، وال چاکنگ اوراشتعال انگیز مواد کی تشہیر کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام، جلوس منتظمین قومی یکجہتی، امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔