افغان کرکٹ اسٹار راشد خان ایم ایچ ڈیولپرز کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر

جمعرات 3 جولائی 2025 22:12

افغان کرکٹ اسٹار راشد خان ایم ایچ ڈیولپرز کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) دبئی کی معروف رئیل اسٹیٹ کمپنی ایم ایچ ڈیولپرز نے افغان کرکٹ اسٹار راشد خان کو اپنا نیا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا ۔ یہ شراکت دبئی کی مستحکم اور ترقی کرتی ہوئی معیشت کے تناظر میں کمپنی کے ترقیاتی عزائم کو اجاگر کرتی ہے۔سال 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں زبردست بہتری دیکھی گئی ہے، جہاں جائیداد کی قیمتوں میں سال بہ سال 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ لین دین کے حجم میں 20 فیصد تک کا نمایاں ابھار آیا ہے۔

اس ترقی کی بنیادی وجوہات میں مضبوط معیشت، موثر حکمرانی اور سرمایہ کار دوست پالیسیاں شامل ہیں، جنہوں نے دبئی کو دنیا کی محفوظ ترین اور پرکشش پراپرٹی مارکیٹوں میں شامل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایم ایچ ڈیولپرز کے سی ای او مرتضی ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ ہم راشد خان کے ساتھ شراکت کو ایک اسٹریٹجک قدم سمجھتے ہیں، جو دبئی کی عالمی سرمایہ کاری اور پرتعیش طرز زندگی کے مرکز کے طور پر بڑھتی ہوئی حیثیت کو مزید تقویت دے گا۔

راشد کی عالمی ساکھ اور کامیابی کے لیے ان کی انتھک جدوجہد ہمارے ادارے کی اقدار سے ہم آہنگ ہے۔راشد خان، جو دنیا کے سب سے مہنگے کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں، نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے افغان کرکٹ کے لیے برسوں سے ایک روحانی گھر کا کردار ادا کیا ہے، جہاں ہمیں مشکلات کے دوران ایک محفوظ پلیٹ فارم ملا۔

ایم ایچ ڈیولپرز کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دبئی تیز رفتاری سے ترقی کر رہا ہے اور وہ بھی ایک مستحکم معاشی ماحول میں۔اس اشتراک کے ذریعے، ایم ایچ ڈیولپرز دبئی کی بڑھتی ہوئی پراپرٹی مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے، اور ایسے منصوبے متعارف کروانے کا خواہاں ہے جو جدید طرز تعمیر، محفوظ سرمایہ کاری اور بلند معیار کے عکاس ہوں۔راشد خان عالمی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 2015سے افغان قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں اور دنیا کی بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اپنی کارکردگی سے شائقین کے دل جیت چکے ہیں۔ ان کی جارحانہ لیگ اسپن اور میچ جیتنے کی صلاحیت نے انہیں افغان کھیلوں کا عالمی سفیر بنا دیا ہے۔