ڈپٹی کمشنر کا داتا دربار کا دورہ، سالانہ غسل تقریب کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 3 جولائی 2025 23:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ غسل مبارک کی تقریب کے سلسلے میں داتا دربار اور اطراف کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے داتا دربار کے اطراف صفائی، پیچ ورک، پارکنگ اور بصری آلودگی کے خاتمے کے اقدامات کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت جاری کی کہ واسا، ایل ڈبلیو ایم سی سمیت تمام متعلقہ ادارے اپنی تیاری مکمل کریں تاکہ 9 محرم الحرام کو ہونے والی تقریب میں زائرین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے زائرین کی سہولت، سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ تمام کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس موقع پر واضح کیا کہ داتا دربار پر ہونے والی سالانہ تقریب نہایت اہم ہے، اس کے انتظامات بہترین اور مربوط انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہر کی عزت اور وقار قائم رکھا جا سکے۔