چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی سے ایم ایس ٹیچنگ اسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی کی ملاقات

جمعرات 3 جولائی 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی سے ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی نے جمعرات کے روز انکے دفتر میں ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات کو تربت میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ اس موقع پر تربت ٹیچنگ ہسپتال کی موجودہ صورتحال، سہولیات کی کمی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دوران چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت نے بتایا کہ ان کی حالیہ ملاقات عمان ایمبیسی کے حکام سے ہوئی ہے جس میں عمانی سفارتخانے نے تربت کے ٹیچنگ اسپتال میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اسپتال کی بہتری کے لیے ایک جامع پرپوزل طلب کیا تھا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر وحید بلیدی نے چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت کو ٹیچنگ ہسپتال تربت کی باقاعدہ پرپوزل پیش کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر وحید بلیدی نے کہا کہ اسپتال کے ایمرجنسی شعبے کو اب جدید طرز پر استوار کرتے ہوئے اسے ٹراما سنٹر میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ حادثات اور ہنگامی طبی صورتحال میں بہترین طبی امداد فراہم کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ عمان ایمبیسی کے تعاون سے ٹراما سنٹر کو جدید سہولیات اور ضروری آلات سے لیس کیا جائے گا، جو خطے کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت نے ایم ایس کی جانب سے پیش کردہ ایک اور اہم منصوبے کو بھی منظور کیا جس کے تحت ٹیچنگ اسپتال کی مرکزی فارمیسی کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا اور فارمیسی کو مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ بنایا جائے گا تاکہ ادویات کی حفاظت اور مریضوں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کارپوریشن نے اس منصوبے پر جلد از جلد کام شروع کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون اور وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ عمان ایمبیسی کی دلچسپی ہمارے لیے ایک سنہری موقع ہے جس سے علاقے کے عوام کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔عوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف تربت بلکہ پورے مکران ڈویڑن میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو معیاری علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔

متعلقہ عنوان :