عوامی شکایات پر وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ کا کے الیکٹرک ہیڈ آفس کا اچانک دورہ

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار،کے الیکٹرک افسران کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات

جمعرات 21 اگست 2025 21:16

عوامی شکایات پر وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ کا کے الیکٹرک ہیڈ آفس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)صوبائی وزیر توانائی و ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے عوامی شکایات پر کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کا اچانک دورہ کیا اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کے الیکٹرک کے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ بارشوں کے بعد فیڈرز کے ٹرپ ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، اس لیے کے الیکٹرک کے عملے اور مشینری کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک رکھا جائے۔ انہوں نے فیڈرز کی بروقت مرمت اور بحالی کے لیے ایک جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک اپنے شکایتی مراکز کو فعال بنائے تاکہ عوامی مسائل فوری طور پر حل ہوسکیں۔

(جاری ہے)

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی کی طویل بندش کے باعث نہ صرف عوام کے روزمرہ معمولات بری طرح متاثر ہورہے ہیں بلکہ پمپنگ اسٹیشنز سے پانی کی فراہمی اور نکاسی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ کے الیکٹرک کے افسران نے صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ ادارہ اپنی سروسز کو مزید بہتر بنائے گا اور شکایات کے فوری حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ وہ دوبارہ اچانک کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کا دورہ کریں گے تاکہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لے سکیں۔