ڈسکہ سٹی میں پانچ اہم سڑکوں کی از سر نو تعمیر جاری ، تعمیراتی کام میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،،صوبائی وزیر بلدیات

جمعہ 4 جولائی 2025 12:26

ڈسکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) ڈسکہ کے صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ڈسکہ سٹی میں پانچ اہم سڑکوں کی از سر نو تعمیر جاری ہے، جن پر کام کی رفتار اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی خبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ منصو بے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کام میں کوئی کوتاہی نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر سڑکوں میں پسرور روڈ، وزیر آباد روڈ ، کالج روڈ اور بنک روڈ شامل ہیں، جبکہ جاسکے روڈ پر ٹرنک سیور لائن بچھانے کا عمل جاری ہے، جس کے بعد سڑک کی بحالی کا کام فوری شروع کر دیا جائے گا۔ میاں ذیشان رفیق نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا گیا ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ کام کی رفتار مزید تیز کی جائے ، جبکہ تعمیراتی معیار کو ہر سطح پر برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو دیر پا سہولیات میسر آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیر تعمیرسڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیےمتبادل راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے تا کہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب سٹیزن پروگرام کے تحت سیوریج کا جامع منصوبہ تکمیل کے قریب ہے، جبکہ نالوں کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے پیش نظر میونسپل حکام کو ہدایت کی گئی کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل فعال ہوں، بیک اپ جزیٹرز دستیاب رکھے جائیں اور ڈی واٹرنگ سیٹ و عملے کی ڈیوٹی کا تحریری روسٹر جاری کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق مفاد عامہ کے منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں گے، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر نا قابل برداشت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ کے عوام کے بنیادی حقوق کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے ۔