سردار جی تھری کی ریلیز کے باوجود لو گرو اور دیمک کا باکس آفس پر راج برقرار

بھارتی پنجابی فلم سردار جی تھری کی ریلیز کے باوجود مقامی فلموں نے اپنی مقبولیت برقرار رکھی

جمعہ 4 جولائی 2025 15:16

سردار جی تھری کی ریلیز کے باوجود لو گرو اور دیمک کا باکس آفس پر راج برقرار
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں لو گرو اور دیمک اب تک شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، بھارتی پنجابی فلم سردار جی تھری کی ریلیز کے باوجود مقامی فلموں نے اپنی مقبولیت برقرار رکھی۔لو گرو اور دیمک کو عید الاضحی کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا، ان فلموں کو شائقین نے خوب پسند کیا اور ان کی مقبولیت اب بھی برقرار ہے۔

گزشتہ دنوں 27 جون کو دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی بھارتی پنجابی فلم سردار جی تھری ریلیز ہوئی اور ان دنوں سینما گھروں میں لو گرو اور دیمک کے شوز میں واضح کمی کی گئی تاکہ نئی فلم بزنس کر سکے۔سردار جی تھری نے پاکستان میں شاندار آغاز کرتے ہوئے اب تک 10 کروڑ 90 لاکھ روپے کا بزنس کرلیا ہے اور اس دوران مقامی فلموں نے بھی اپنی مقبولیت برقرار رکھی۔

(جاری ہے)

ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی رومانوی کامیڈی فلم لو گرو نے چوتھے ہفتے میں پاکستانی باکس آفس پر 40 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔تجارتی تجزیہ کار علی زین کے مطابق فلم نے پہلے، دوسرے اور تیسرے ہفتے میں بالترتیب 21 کروڑ 50 لاکھ روپے، 11 کروڑ 25 لاکھ روپے اور 6 کروڑ 75 لاکھ روپے کی کمائی کی۔بعد ازاں محرم کے آغاز اور نئی فلم سردار جی تھری کی ریلیز کے باوجود، لو گرو نے چوتھے ہفتے میں مزید ایک کروڑ 75 لاکھ روپے کمائے، جس سے اس کی ملکی مجموعی کمائی 41 کروڑ 25 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب، ثمینہ پیرزادہ، سونیا حسین اور فیصل قریشی کی ہارر فلم دیمک نے 2025 میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی جانب سے ایک غیر متوقع کامیابی کے طور پر خود کو منوایا ہے۔فلم یکم جولائی تک 15 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر چکی ہے، جو ملک میں تجرباتی سینما کے لیے ایک نئی راہ ہموار کر رہی ہے۔دیمک نے پہلے، دوسرے اور تیسرے ہفتے میں بالترتیب 5 کروڑ 51 لاکھ روپے، 5 کروڑ 8 لاکھ روپے اور 3 کروڑ 55 لاکھ روپے کمائے۔فلم نے چوتھے ہفتے میں مزید 64 لاکھ روپے کا اضافہ کیا، جب کہ پیر اور منگل کو بالترتیب 10 لاکھ اور 12 لاکھ روپے کمائے، اس طرح فلم کی اب تک مجموعی کمائی 15 کروڑ 9 لاکھ روپے ہو چکی ہے۔