ہری پور ، ضلع بھر میں صارفین کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر وسیع معائنہ مہم کا سلسلہ جاری

جمعہ 4 جولائی 2025 13:40

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر ہری پور شوذب عباس کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں صارفین کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر وسیع معائنہ مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ مہم کی قیادت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) شاہد اقبال خٹک کر رہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ آفیسر فرحت خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معائنہ ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم سروسز شوز آﺅٹ لیٹس، انڈور شوز آﺅٹ لیٹس، باٹا شوز آﺅٹ لیٹس، اٹالین مال، درزیوں کی دکانوں، حجام کی دکانوں، ڈیری شاپس اور دیگر مختلف ریٹیل و سروس فراہم کرنے والے اداروں کا دورہ کیا۔

دورانِ معائنہ متعدد اداروں میں صارفین کے حقوق کی خلاف ورزیاں پائی گئیں جن میں اشیاءکی زائد قیمتیں، غیر معیاری مصنوعات، صفائی کے ناقص انتظامات اور کم وزن پیکنگ شامل ہیں۔ خلاف ورزیوں پر اٹالین مال ہری پور سمیت کئی اداروں کو موقع پر سیل کر دیا گیا جبکہ متعدد دکانوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر ہری پور شوذب عباس نے واضح کیا کہ صارفین کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔