ننکانہ صاحب میں سکھ مسلم بھائی چارے کی عملی مثال

سکھ برادری کی جانب سے عشرہ محرم الحرام میں گوردوارے کے باہر حسینی لنگر کا اہتمام

جمعہ 4 جولائی 2025 14:30

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء) سکھ مسلم بھائی چارے کی عملی مثال ،ننکانہ صاحب میں ہر سال کی طرح رواں سال بھی عشرہ محرم الحرام کے دوران سکھ برادری کا حضرت امام حسین ؓ کیساتھ اظہار محبت ،گوردوارہ جنم استھان کے سامنے حسینی لنگر تقسیم کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں سکھ برادری کی جانب سے عشرہ محرم الحرام میں حسینی لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے جو کہ سکھ مسلم بھائی چارہ کی عملی تفسیر ہے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائین سیف اللہ کھوکھر نے بلوندر سنگھ اور سکھ سیوا سوسائٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے سکھ مسلم بھائی چارہ کو فروغ دینے پر تعریف کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

حسینی لنگر کے اہتمام کا یہ سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے اور سینکڑوں لوگ حسینی لنگر سے استفادہ حاصل کرتے ہیں اور یہ لنگر اپنے گھر بھی لے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سکھ رہنمائوں کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفی ﷺ کے نواسوں کو کربلا کے میدان میں بھوکا اور پیاسہ شہید کیا گیا ہم ان کی یاد میں لنگر کا اہتمام کرتے ہیں ،حسین ؓ صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ سب کے ہیں ہمارے گورو بابا گورو نانک دیو جی کا بھی کہنا ہے کہ حسین سب سے بڑے گورو ہیں جنہوں نے حق کیلئے ظالم کے آگے سر نہیں جھکایا بلکہ اپنی جان کا نذرانہ دیدیا اور انہیں کی وجہ سے ہمیں رشتوں کی پہچان ملی ہے یہ ہماری بہن ہے ماں ہے بیٹی ہے بیوی ہے ہمیں حق اور سچ بولنا چاہیے اور حق سچ کا ساتھ دینا چاہیے اس کیلئے ہمیں اپنی جان ہی کیوں نہ دینی پڑی کہ امام حسین ہم سب کے ہیں اور ہم اہلِ بیت سے عقیدت کے اظہار کیلئے حسینی لنگر کا اہتمام کرتے ہیں اور یہ سلسلہ اسی طرح سے جاری و ساری رہے گا اور ہم اپنے مسلم بھائیوں کے ساتھ ان کے ہر دکھ اور خوشی میں شامل رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :