پاکستان رواں ماہ پہلی مرتبہ انڈر 19 والی بال ورلڈ چیمپئن شپ کھیلے گا

ازبکستان میں ہونیوالے ایونٹ میں پاکستان گروپ اے میں بیلجیئم، ازبکستان، ترکی، ارجنٹائن اور پیورٹو ریکو کے ساتھ شامل

جمعہ 4 جولائی 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)پاکستان رواں ماہ ازبکستان میں انڈر 19 والی بال ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کرے گا، پاکستان پہلی مرتبہ انڈر 19 والی بال ورلڈ چیمپئن شپ کھیلے گا۔انڈر 19 والی بال ورلڈ کپ 21 جولائی سے 3 اگست تک تاشقند میں ہوگا، پاکستان نے گزشتہ سال انڈر 18 ایشین چیمپئن شپ میں برانڈ جیت کر ایونٹ کیلئے کوالیفائی کیا تھا اور اس سال ورلڈ چیمپئن شپ میں وہ اپنا ڈیبیو کریگا۔

ازبکستان میں ہونیوالے ایونٹ میں پاکستان گروپ اے میں بیلجیئم، ازبکستان، ترکی، ارجنٹائن اور پیورٹو ریکو کے ساتھ شامل ہے۔شیڈول کے مطابق پاکستان 24 جولائی کو بیلجیئم ، 25 جولائی کو ازبکستان ، 26 جولائی کو ترکی، 28 جولائی کو پیورٹو ریکو اور 29 جولائی کو ارجنٹائن سے مقابلہ کریگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان والی بال فیڈریشن نے ایونٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل عبوری اسکواڈ شارٹ لسٹ کرلیا ہے۔

ایونٹ سے قبل حتمی اسکواڈ کے لیے 12 کھلاڑی فائنل کیے جائیں گے۔عبوری اسکواڈ میں طلال احمد، ابو بکر، جبران اور محمد انس، محمد حسن، محمد سعود ، اجمل جنید اور مہتد علی شاہ ، محمد عرفان، محمد یحیٰی، جاوید احمد، طیب خان، عثمان اختر، خضر حیات اور حیام خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔سید فاروق بخاری ٹیم کے منیجر جب کہ سعید احمد خان سیڈی ہیڈ کوچ ہوں گے۔