ضلع بھر میں 8 محرم الحرام کے 68 جلوس برآمد ہوئے ،244 مجالس کا پرامن انعقاد کیا کیا گیا، ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) محمد وسیم

جمعہ 4 جولائی 2025 17:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) 8 محرم الحرام کے موقع پرسرگودھا میں عزاداری، امن، نظم و ضبط اورعوامی تعاون کا خوبصورت امتزاج دیکھنے میں آیا، ضلع بھر میں آٹھ محرم کے 68 جلوس برآمد ہوئے جبکہ 244 مجالس کا پرامن انعقاد کیا گیا، ان مذہبی اجتماعات کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے فول پروف سکیورٹی و سہولتی انتظامات کیے۔

ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف نے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور موقع پر موجود سکیورٹی و انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مرکزی جلوس بلاک نمبر 20 سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بلاک نمبر 7 میں واقع امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا اور عزاداری کے اجتماعات کے لیے ہر ممکن سہولت مہیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تمام جلوسوں کے راستوں پر صفائی، روشنی، سبیلیں، ایمبولینسز، فائر بریگیڈ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ انتظامی افسران مانیٹرنگ کے لیے موقع پر موجود ہیں۔ ضلعی سربراہان نے ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کا معیار بھی چیک کیا۔ ضلعی پولیس کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی پلان کے مطابق آٹھ محرم کے دن ضلع بھر میں کیٹگری ’اے‘ کی 17، کیٹگری ’بی‘ کی 11 اور کیٹگری ’سی‘ کی 216 مجالس منعقد ہوئیں، جن پر مجموعی طور پر تین ہزار سے زائد مسلح پولیس اہلکار، ایلیٹ فورس، کوئیک ریسپانس فورس اور 50 سے زائد لیڈی کانسٹیبلز نے ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔

مرکزی جلوس کے لیے چھ سو سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ۔ حساس علاقوں میں ایلیٹ فورس کی گشت کو بڑھا دیا گیا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے اور امن کمیٹی کے ممبران و رضاکار بھی جلوسوں کے ہمراہ موجود ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔