الخدمت اسکالرشپ پروگرام باصلاحیت طلبہ کے خوابوں کی تعبیر بن رہا ہے‘ ضیاء الدین انصاری

الخدمت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے اہل طلبہ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ‘سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن

جمعہ 4 جولائی 2025 18:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام ایک پروقار اکیڈمک اسکالرشپ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف جامعات میں داخلہ لینے والے باصلاحیت طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے سرپرستِ اعلیٰ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن اور صدر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ زبیر صدیقی نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران گرمیوں کے اکیڈمک پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں تحائف اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور ہمیں اسے مفت بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

الخدمت اسکالرشپ پروگرام باصلاحیت طلبہ کے خوابوں کی تعبیر بن رہا ہے۔انہوں نے مہنگی تعلیم کو باصلاحیت طلبہ کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم مفت فراہم کی جاتی ہے اور تعلیمی اخراجات ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

بدقسمتی سے ہمارے ملک میں کرپٹ نظام نے تعلیمی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔سرپرستِ اعلیٰ کا مزید کہا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے اہل طلبہ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کوئی بھی طالب علم مالی مجبوری کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہ سکے۔تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو علم دوستی کی اعلیٰ مثال قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :