Live Updates

ًسیلاب متاثرین کو ملنے والی سہولیات پر کسی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا:عظمیٰ بخاری

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:35

ًسیلاب متاثرین کو ملنے والی سہولیات پر کسی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ ہر علاقے میں ریلیف اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مسلسل متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہی ہیں اور متاثرین کو ملنے والی سہولیات کا خود جائزہ لے رہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جہاں بھی کوئی انتظامی کوتاہی یا غفلت نظر آتی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز فوری طور پر متعلقہ آفیسر کو جوابدہ بناتی ہیں۔ سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ تین ہفتوں سے پنجاب کی انتظامیہ، ضلعی افسران، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، پنجاب پولیس اور دیگر ادارے مسلسل متاثرہ افراد کے درمیان موجود ہیں اور دن رات ریسکیو و ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاک فوج اور رینجرز کی ٹیمیں بھی قومی جذبے کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز اپنے فرائض ایک درد دل رکھنے والی ماں اور بہن کی طرح انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے نام پر سیاست کرنے والے عناصر بے نقاب ہو رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والے انسانی جانوں اور متاثرین کے مسائل کی اہمیت سے عاری ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کوئی دن رات سیلاب متاثرین کی خدمت کر رہا ہے اور کوئی ان کے نام پر سیاسی شعبدہ بازی میں مصروف ہے۔ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ مشکل کی گھڑی میں کون ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کون زخموں پر نمک پاشی کر رہا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات