لاہور سے سیالکوٹ جانے والی ریل کی بوگیاں کم پڑگئیں، مسافر چھت اور انجن پر بھی سوار ہو گئے

ریل کے اندر موجود مسافروں میں ہاتھا پائی اور لڑائی جھگڑا ہوا ،ریلوے انتظامیہ مسافروں کے آگے بے بس نظر آئی

جمعہ 4 جولائی 2025 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء) شاہدرہ سے سیالکوٹ جانے والی لاثانی ایکسپریس کی بوگیاں کم پڑ گئیں اور مسافر چھت اور انجن پر سوار ہوگئے جبکہ زیادہ رش کی وجہ سے ریل کے اندر موجود کئی مسافر گرمی اور حبس کے باعث بے ہوش ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق لاثانی ایکسپریس کی بوگیاں کم اور مسافر زیادہ ہوگئیاور مسافروں نے جگہ نہ ملنے پر ٹرین کی چھت پر قبضہ کر لیا۔

(جاری ہے)

ریل کے اندر موجود مسافروں میں ہاتھا پائی اور لڑائی جھگڑا ہوا اور ریلوے انتظامیہ مسافروں کے آگے بے بس نظر آئی۔سینکڑوں مسافر جان خطرے میں ڈال کر ٹرین کی چھت پر سوار ہوئے، درجنوں مسافر ریل کے انجن پر بھی چڑھ گئے، متعدد گرمی اور حبس کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے۔خیال رہے کہ لاثانی ایکسپریس براستہ ناروال سیالکوٹ جاتی ہے جمعہ کے روز روانہ ہونے والی اس ٹرین میں بوگیاں صرف تین تھیں جبکہ مسافر 10بوگیوں کے تھے، ریلوے انتظامیہ کو بار بار شکایات درج کروا دی گئیں لیکن ریلوے انتظامیہ نے بوگیوں کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا۔