جی سی ویمن یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت اور پیشہ ورانہ ترقی کے ذریعے تعلیمی نظام میں بہتری کے عنوان سے سمر کیمپ کا آغاز

جمعہ 4 جولائی 2025 20:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں فیکلٹی اینڈ سٹاف ڈیویلپمنٹ سینٹر کے زیرِ اہتمام ماہِ جولائی میں ’’مصنوعی ذہانت اور پیشہ ورانہ ترقی کے ذریعے تعلیمی نظام میں بہتری‘‘ کے عنوان سے سمر کیمپ2025ء کا آغاز کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب جناح آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اوروائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد مہمانِ خصوصی تھے جبکہ وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز)نے سرپرستِ اعلیٰ کے طور پر صدارت کی۔

یہ تربیتی کیمپ تدریسی و غیر تدریسی عملے (گریڈ 16 اور اس سے اوپر) کی پیشہ ورانہ اور انتظامی صلاحیتوں کو جدید رجحانات،ڈیجیٹل ٹولز اور ذاتی بہتری کی حکمت عملیوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے منعقد کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے بعد منعقدہ خصوصی سیشنز میں پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے ’’اسٹریس اور وقت کے نظم و نسق‘‘ پر لیکچر دیاجبکہ ڈاکٹر سائرہ سرویا (سدرن کنیکٹی کٹ اسٹیٹ یونیورسٹی امریکہ) نے بین الاقوامی اسکالرشپس و فیلوشپس کے ذریعے کیریئر کی ترقی پر بات کی۔ڈائریکٹر آئی ٹی سروسز اور ان کی ٹیم نے سکل ڈیولپمنٹ سینٹر میں اے آئی ٹولز پر عملی تربیت فراہم کی۔یہ سمر کیمپ 31 جولائی 2025ء تک جاری رہے گا۔