۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب محمد کامران خان کا ضلع لیہ کا دورہ

جمعہ 4 جولائی 2025 20:45

eلیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء)جنوبی پنجاب میں محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کی سخت مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے ضلع لیہ کا دورہ کیا اور امام بارگاہ حسینیہ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا اور جدید موبائل کمانڈ اینڈ کنٹرول کا معائنہ کیا۔

انہوں نے مجالس اور عزاداری کے جلوسوں کے منتظمین اور امن کمیٹیوں کے ممبران سے بھی ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد علی وسیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف محرم الحرام کے سیکیورٹی انتطامات کو خود مانیٹر کر رہی ہیں اور تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز کو لاہور کے مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے موقع پر جنوبی پنجاب میں مثالی انتظامات کئے گئے ہیں اور پہلی بار حکومت کی جانب سے سبیلیں لگائی جا رہی ہیں جبکہ جلوسوں کے ساتھ موبائل ہسپتال اور موبائل ٹائلٹس کے انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب محمد کامران نے اس موقع پر بتایا کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے اور پوری ذمہ داری کیساتھ سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ ڈراون سے بھی سرویلنس کی جارہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے علمائے کرام کے تعاون پر ان کا شکریہ اداکیا۔