ڈیرہ غازی خان پولیس کی طرف سے فلیگ مارچ، محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کا عملی مظاہرہ

جمعہ 4 جولائی 2025 23:10

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے اور عوام میں احساسِ تحفظ پیدا کرنے کے لیے ڈیرہ غازی خان پولیس نے رات گئے شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا۔ فلیگ مارچ کی قیادت ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) سید علی نے کی، جبکہ اس میں پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مارچ کا آغاز پولیس لائن سے ہوا جو مختلف مرکزی شاہراہوں اور حساس مقامات سے گزرتا ہوا واپس پولیس لائن پر اختتام پذیر ہوا۔ فلیگ مارچ کے دوران پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے گاڑیوں کے ہمراہ گشت کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او سید علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے اور محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سیکورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ جلوس کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ حساس مقامات پر واقع بلند عمارتوں اور چھتوں پر مسلح پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔