نئے دلائی لاما کی تقرری پر بیان بازی، چین کا بھارت کوانتباہ

بھارت تبت سے متعلق معاملات میں احتیاط سے قدم اٹھائے،چینی وزارت خارجہ

ہفتہ 5 جولائی 2025 11:46

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)نئے دلائی لاما کی تقرری پر بیان بازی پر چین نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاط سے کام لے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تبت سے متعلق معاملات میں احتیاط سے قدم اٹھائے، اور مرکزی وزیر کرن رجیجو کے اس بیان پر اعتراض کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ دلائی لاما کی تجسیم (انکارنیشن)ان کی مرضی کے مطابق ہونی چاہیے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اقلیت امور کے وزیر کرن رجیجو کا کہنا تھا کہ صرف دلائی لاما اور ان کی قائم کردہ تنظیم کو ہی تبتی بدھ مت کے روحانی پیشوا کے جانشین کی شناخت کا اختیار حاصل ہے، جو چین کی طویل مدتی پوزیشن کے برعکس ہے۔ اس پر چین نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے الفاظ اور عمل میں محتاط رہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کی بہتری پر منفی اثرات نہ پڑیں۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ نے بھی رجیجو کے موقف کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت ایمان اور مذہب کے عقائد اور طریقوں سے متعلق معاملات پر کوئی موقف نہیں رکھتی اور نہ ہی بولتی ہے۔ادھر چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ما ننگ نے بھی رجیجو کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، بھارت کو دلائی لاما کے چین مخالف علیحدگی پسند کردار سے آگاہ ہونا چاہیے اور زِزانگ (تبت)سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کا احترام کرنا چاہیے۔