پاکستان کا 19 افغان پوسٹوں پر قبضہ، خوارج کا مرکز بھی تباہ، درجنوں مخالف سپاہی اور خارجی مارے گئے

افغان فورسز نے پاک افغان سرحد پر 6 مقامات پر بِلا اشتعال فائرنگ کی، پاک فوج نے تیزی سے بھرپور اور شدید جواب دیا، افغان طالبان اور خارجی ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے؛ سکیورٹی ذرائع

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 اکتوبر 2025 11:09

پاکستان کا 19 افغان پوسٹوں پر قبضہ، خوارج کا مرکز بھی تباہ، درجنوں مخالف ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اکتوبر2025ء ) پاکستان نے 19 افغان پوسٹوں پر قبضہ کرلیا، اس دوران پاک فوج نے خوارج کا مرکز بھی تباہ کردیا، جوابی کارروائی میں درجنوں مخالف سپاہی اور خارجی مارے گئے اطلاعات کے مطابق افغان فورسز نے پاک افغان سرحد پر 6 مقامات انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال، اور بارام چاہ کے مقامات پر بِلا اشتعال فائرنگ کی، پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی بِلا اشتعال فائرنگ پر پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے کئی چیک پوسٹوں کو تباہ، متعدد افغان فوجیوں اور خوارج کو ہلاک کردیا، افغان طالبان ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

  سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے تیزی کے ساتھ بھرپور اور شدید جواب دیا گیا جو اب بھی جاری ہے، پاک فوج نے فوری طور پر شدید رد عمل دیتے ہوئے متعدد افغان پوسٹوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، پاکستان نے طالبان کے منوجیا کیمپ بٹالین ہیڈ کوارٹرپر کامیاب اسٹرائیک کی اور منوجیا کیمپ بٹالین ہیڈ کوارٹرمکمل طور پرتباہ کردیا، کیمپ میں موجود درجنوں طالبان سپاہی اور خارجی ممکنہ طور پر ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے کارروائی کے دوران افغان فورسز کی 19 اہم سرحدی پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کرلیا، افغان حدود سے پاکستان پر ہونے والی گولہ باری اور فائرنگ کے جواب میں رات گئے سے جاری جوابی آپریشن میں پاک فوج نے ناصرف اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا بلکہ ان پوسٹوں پر بھی قبضہ کیا جہاں سے پاکستانی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا، ان پوسٹوں پر آگ اور تباہی کے واضح مناظر دیکھے گئے، متعدد افغان طالبان اور سکیورٹی اہلکار پوسٹیں خالی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع بتاتے ہیں کہ طالبان اپنی متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوئے، کئی جگہوں پر لاشیں بھی بکھری ہوئی ہیں، پاکستانی فورسز کی جانب سے پاک افغان بارڈر کے قریب موجود خوارج اور داعش کے دہشت گرد کیمپوں اور ٹھکانوں کو انتہائی مہارت کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، افغان فورسز کئی علاقوں سے پسپائی اختیار کرگئیں، خارجیوں اور افغان فورسز کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کھرچر فورٹ کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا، کھرچر فورٹ فتنہ الخوارج کا مرکز تھا جسے مؤثر کارروائی کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دورانِ میلا اور ترکمانزئی کیمپس کو ہدف بنا کر تباہ کیا گیا، افغان جنڈوسر پوسٹ بھی مکمل طور پر تباہ کردی گئی، قائم مقام افغان حکومت کی سر پرستی میں چلنے والے خوارج اور داعش کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، پاکستان کی جانب سے آرٹلری، ٹینکوں، ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، داعش اور خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لئے فضائی وسائل اور ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا، جوابی کارروائی میں افغان فورسز کے اُن ہیڈ کوارٹر کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے جو داعش اور فتنہ الخوارج کو پنا دیتے رہے ہیں، پاک فوج نے افغان فورسز کے خلاف بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔