تونسہ شریف اوربہاولپور میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، 6 دہشت گرد ہلاک

تھانہ وہوا کی حدود جادے والی میں فتنۃ الہندوستان کیخلاف مشترکہ آپریشن میں 8 دہشت گرد شدید زخمی ،بہاولپور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک، سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑا سانحہ ناکام بنا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 جولائی 2025 16:45

تونسہ شریف اوربہاولپور میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا ..
تونسہ شریف،بہاولپور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05جولائی 2025)تونسہ شریف اوربہاولپور میں سی ٹی ڈی نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک، دیگردہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب، تونسہ شریف کے قریب پنجاب پولیس نے سی ٹی ڈی کے ساتھ مل کر امن دشمنوں کیخلاف مشترکہ آپریشن کیا، جس میں تھانہ وہوا کی حدود جادے والی میں فتنۃ الہندوستان کے 5 خارجی دہشتگرد جہنم واصل کردئیے گئے۔

تونسہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کلین اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔ مشترکہ آپریشن میں 8 دہشت گرد شدید زخمی بھی ہوئے۔ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کارروائی کے بعد موقع پر پہنچ گئے۔5 زخمی دہشت گرد جنگل کی طرف فرار ہوگئے۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر سرحدی گاؤں کے قریب آپریشن کیا گیا جہاں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔

(جاری ہے)

شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 4 لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ ایک لاش دہشتگرد اپنے ساتھ لے گئے۔دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کلین اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔دریں اثنا سی ٹی ڈی پنجاب اور پولیس نے بہاولپور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑا سانحہ ناکام بنا دیا۔ فائرنگ میں ایک دہشتگرد ہلاک اور 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولیاں اور ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے۔ بعد ازاں دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کاکہناہے کہ سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کر کے بڑا سانحہ ناکام بنا دیا۔

ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولیاں اور دستی بم برآمد ہوئے۔ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، رائفلز، 3 آئی ای ڈیز، دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے عناصر کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

رومی اور تونسہ کے قریب چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ ہندوستان کے دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، دہشتگردوں کا پیچھا جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی نے ایک بار پھر فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

وزیر داخلہ نے پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ بہادر سپوتوں نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ خوارجی دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر پولیس اور سی ٹی ڈی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا تعاقب جاری رہے گا۔ دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔