ایام محرم میں سیکورٹی اقدامات ٹھوس بنائے جائیں، مولانا عبد الماجد

اسلام میں شہادتوں کا سفر قیامت تک جاری رہے گا، اسلام کو شہادتوں سے جلا ملی ہے،صوبائی صدرامن کونسل

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)پاکستان امن کونسل سندھ، مرکزی علما کونسل پاکستان سندھ کے صوبائی صدر، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن، خطیب و امام جامع مسجد الخلیل بھٹائی آباد گلستان جوہر مولانا عبد الماجد فاروقی نے کہا ہے کہ دین اسلام کو شہادتوں سے جلا ملی ہے اسلام میں شہادتوں کا سفر قیامت تک جاری رہے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تعلیم القرآن کے لائبریری ہال میں مولانا محمد عکاشہ کے ہمراہ مختلف وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا مولانا عبد الماجد فاروقی کا کہنا تھا کہ محرم کا مہینہ اپنی حرمت و عظمت کے لحاظ سے نہایت ہی بابرکت مہینہ ہے اس مہینے میں عبادات و اطاعات میں اضافہ کرنا چاہئے ان کا یہ کہنا بھی تھا کہ قرآن کریم میں اللہ تعالی نے سال کے بارہ مہینوں کا تذکرہ فرماتے ہوئے حرمت والے مہینوں کو خصوصی طور پر بیان فرمایا ہے اور ان حرمت والے مہینوں میں محرم الحرام کا مہینہ بھی شامل ہے جبکہ رمضان المبارک کے روزوں کے بعد سب سے بہترین روزے محرم الحرام کے روزے قرار دئے گئے ہیں اس موقع پر مولانا عبد الماجد فاروقی نے ایام محرم میں سیکورٹی اقدامات کو ٹھوس و جامع بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔