ویمن یونیورسٹی صوابی میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ سینٹر خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں ،عالمی مواقع سے بااختیار بنائے گا،پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:42

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)ویمن یونیورسٹی صوابی میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ سینٹر خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں اور عالمی مواقع سے بااختیار بنائے گا، ہم صرف عمارتیں نہیں، بلکہ مستقبل تعمیر کر رہے ہیں۔ ہماری طالبات کو ڈیجیٹل مہارتوں اور عالمی زبانوں سے آراستہ کرنا کل کے لیڈرز تیار کرنے کے لیے ہمارا عزم ہے، ان خیالات کا اظہار ویمن یونیورسٹی صوابی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے کیمپس میں مجوزہ کمیونٹی ڈیولپمنٹ سینٹر کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔

یہ منصوبہ کوریئن انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی، یو این ویمن اور دوست کے وفد کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران زیرِ غور آیا۔ اس مرکز کا مقصد طالبات کو ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت اور کورین زبان سکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ عالمی کیریئر اور کاروباری میدان میں خود کو منوا سکیں۔

(جاری ہے)

وفد میں شامل افراد میں عبیرہ فاروق (پروجیکٹ مینیجر، یو این ویمن)، مہناز پروین (KOICA)، شاہدہ شاہ (یو این ویمن)اور ڈاکٹر نادیہ(دوست)شامل تھیں۔

ملاقات کے دوران ایک اور تجویز پر بھی گفتگو ہوئی، جس کے تحت 20,000 امریکی ڈالر کی لاگت سے یونیورسٹی میں ایک جدید آئی ٹی لیب قائم کی جائے گی۔ یہ لیب ہنر پر مبنی ڈیجیٹل تعلیم کا مرکز بنے گی اور طالبات کی تکنیکی صلاحیتوں میں براہ راست اضافہ کرے گی۔پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے اس بات پر زور دیا کہ کمیونٹی ڈیولپمنٹ سینٹر اور آئی ٹی لیب دونوں ہی یونیورسٹی کے اس وژن کا حصہ ہیں، جس کے تحت خواتین کو مارکیٹ پر مبنی اور عالمی سطح کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ محض ایک منصوبہ نہیں، بلکہ ایک انقلابی پلیٹ فارم ہے ۔جہاں ہماری نوجوان خواتین وہ مہارتیں، زبانیں اور اعتماد حاصل کریں گی جو انہیں عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنائے گا۔

متعلقہ عنوان :